سکل سکھانا اور کمانا

آج 40 احباب مکمل ہوئے جن کو سکل سکھائی اور وہ اپنا کمانے لگ گئے۔۔۔
میں نے 2017 میں نوکری کو الوداع کہنے کے بعد خود سے ایک عہد کیا کہ ان شاء اللہ جتنا ہوسکا اپنی مدد آپ کے تحت جو احباب جڑتے گئے ان کو سکل سکھاؤں گا، فری مشاورت دوں گا اور جتنا ممکن ہوسکا ان کو کام دلاؤں گا، اپنا کام کریں گے تو قرضہ حسنہ دلاؤں گا۔
اسی مشن کے تحت سب سے پہلے سکھانے والا عمل شروع کیا، کمپوزنگ، ڈیزائننگ، ویڈیو ایڈیٹنگ، مارکیٹنگ سکھائی، جو سکل خود کو نہیں آتی تھی ٹیم میں موجود دوستوں کے ذمہ لگایا کہ متعلقہ بندے کو اچھے سے سکھا دے۔
ہماری ٹیم میں اس وقت 47لڑکے ہیں جو پروفیشنل لیول پر کام کر رہے ہیں اور اچھا کما رہے ہیں۔ ہم ٹیم ورک کے طور پر کام کرتے ہیں ، اپ ورک، ویب سائٹس اور ذاتی مارکیٹنگ سےپروجیکٹ آتے ہیں ان کو متعلقہ سکلز ہولڈر سے مل ملا کر کام کرتے ہیں اور مل کرروزی روٹی کرتے ہیں الحمدللہ اس میں بہت سکون ہے ۔ مل جل کر کام کرنے میں یقینا برکت سکون اور آرام ہے۔
اس کے علاوہ کچھ ایسے مستحق نوجوان جو کوئی ہنر جانتے تھے ان کو کام دلایا، ان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی کوشش کی۔ چھوٹے پیمانے پر کاروبار شروع کروائے، کچھ احباب سے قرض حسنہ دلا کر برگر، شوارما، چپس، باربی کیو، سبزی، فروٹس اور اس جیسے کم سرمایہ والے کاروبار بھی شروع کروا کر دئے وللہ الحمد۔
مذہب، مسلک، لسانی، قومی تفرقوں سے بالاتر ہوکر کام کیا، میرے ساتھ ہر قسم کے لوگ موجود ہیں اور اسی پر فخر ہے کہ مذہبی، قومی، لسانی قید سے بالاتر ہوکر کام کیا جس نے بھی رابطہ کیا اس سے کبھی مسلک، قوم، اور زبان کا نہیں پوچھا سب میرے لئے معتبر ہیں۔
لاہور اردو بازار، سرکلر روڑ، کراچی، فیصل آباد، ملتان میں کافی احباب ایسے ہیں جن کو کمپوزنگ سکھائی اور مختلف مکتبوں سے کام لے کر دیا ان میں جید قسم کے علماء مفتیان کرام بھی ہیں جو درس و تدریس و امامت خطابت کے ساتھ ماہانہ 30،40 ہزار کما رہے ہیں۔
آج جس بندے نے کال کی اس کو فوٹوشاپ، الیسٹراٹر پر کام سکھایا، ساتھ میں ورڈ پریس کا ہلکا پھلکا کام سکھایا۔ پرنٹنگ اور آن لائن فیلڈ کا کام سمجھایا، فایئور اپ ورک پر اکاؤنٹ بنا کر دیا اپرو کیا اور جہاں کے وہ رہنے والے ہیں وہاں کی ایک کمپنی کو لیٹر لکھا اس کی سی وی دی اور یقین دہانی کروائی آج اس بندے کو ٹرائل بیس سے پکی نوکری پراچھی تنخواہ پر رکھ لیا ، مجھے کال کر کے خوشخبری دی اور بولے کہ پہلی تنخواہ آپ کو ہدیہ کرنی ہے، بھائی میری طرف سے اپنےماں باپ،بیوی بچوں، بہن بھایئوں کے لئے سوٹ، بوٹ لے لو ان سب کی اچھی سی پارٹی کرو بس میرے لئے یہی کافی ہے دل کو بے انتہاء خوشی ہوئی جو بیان کرنے سے قاصر ہے۔
میرا عہد اور ارادہ یہی ہے کہ ان شاء اللہ جب تک زندہ ہیں انہی جذبات کے ساتھ زندہ رہنا ہے ، میری محنت مشقت اور کوشش سے کسی کو روزگار مل جائے کوئی اچھی ترتیب بن جائے میرے لئے اتنی زیادہ خوشی کا مقام ہے کہ میں بیان نہیں کر سکتا۔
میرا ارادہ ہے کہ ایک ادارہ بناؤں جہاں نوجوانوں کو ہائی لیول کی سکلز سکھاؤں، پروفیشنل بناؤں، اور زبردست قسم کی ٹیم بنا کر کام کروں، کیوں کہ آن لائن فیلڈ میں بہت کام ہے اور دن بدن ترقی ہورہی ہے اور ان شاء اللہ بہت اچھی امید ہے کہ مستقبل میں اچھی ترتیب بن جائے گی۔
میرے لئے خصوصی دعاؤں کی درخواست ہے

1 thought on “سکل سکھانا اور کمانا”

Leave a Comment